کیمپس میں امتحانات کے خلاف طلبہ و طالبات کا احتجاج رنگ لے آیا

فیصل آباد (92 نیوز) کیمپس میں امتحانات کے خلاف طلبہ و طالبات کا احتجاج رنگ لے آیا ۔ فیصل آباد اور لاہور کی دو یونیورسٹیوں نے آن لائن ایگزام کا یقین دلا دیا۔
جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی طالبات نے مطالبات تسلیم ہونے پر احتجاج ختم کر دیا۔ لاہور کی نجی یونیورسٹی کی طرف سے بھی مطالبہ ماننے پر طلبہ کا احتجاج ختم ہو گیا۔
امتحانات آن لائن نہ ہونے کیخلاف کئی شہروں میں احتجاج کیا گیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں احتجاج کرنے والے طلبہ نجی یونیورسٹی کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئے۔ طلبہ نے کہا کہ آن لائن کلاسز لی ہیں تو امتحانات بھی آن لائن ہی لیے جائیں۔
ساہیوال میں احتجاج کرتے ہوئے طلبہ وطالبات نے ساہیوال پاکپتن روڈ بلاک کر دی۔ طلبا کے احتجاج کے باعث ٹریفک جام ہو گئی۔ طلبہ کے احتجاج پر نجی یونیورسٹی نے آن لائن امتحانات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس پر طلبہ نے جشن منایا۔