کہروڑ پکا (92 نیوز) لودھراں کی تحصیل کہروڑ پکا میں خاکروب کی بیٹی نے کلاس پنجم کے امتحانات میں ضلع بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔غریب کی بیٹی نے تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرکے ثابت کیا کہ کچھ کر دکھانے کا جذبہ ہوتو راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں۔
کہروڑ پکا کے علاقہ رند جاوہ کی رہائشی کلاس پنجم کی طالبہ اقرا کے والد کچرا اٹھانے کا کام کرتے ہیں۔
اقرا نے اپنے والد کی غربت کو اپنی پڑھائی سے لگن کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا اور ایسا کارنامہ سرانجام دیا کہ غریب والد کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
اقرا نے کلاس پنجم میں ضلع بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے اور اپنے جیسے دوسرے بچوں کیلئے ایک مثال قائم کی ہے۔
کہروڑ پکا کی اقرا کے گھر میں بجلی کی بھی سہولت نہیں،وہ گھر کے کام کاج میں ماں باپ کا ہاتھ بھی بٹاتی اور تعلیم پر بھی توجہ دیتی ہے ۔
ہونہار طالبہ کے شاندار اعزاز ،اسکی جدوجہد اورگھریلو حالات کی کہانی سامنے آئی تو تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے بچی کے آئندہ تمام تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان کر دیا۔
مشکل گھریلو حالات کے باوجود اقرا نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی پڑھائی جاری رکھی اور شاندار کامیابی حاصل کرکے ملک بھی میں اپنے ضلع کا نام روشن کیا۔
اقرا نے ثابت کیا کہ عزم بلند ہے تو رکاوٹیں آپ کا راستہ نہیں روک سکتیں۔