Friday, January 21, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

کھلا پھاٹک پھر تین جانیں لے گیا

کھلا پھاٹک پھر تین جانیں لے گیا
July 4, 2017

فیصل آباد(92نیوز)فیصل آباد میں کھلا پھاٹک پھر سے 3 جانیں لے گیا، گوجرہ کے علاقے 93 ج ب میں کھلے پھاٹک سے لائن عبور کرتے موٹر سائیکل سوار 3 افراد ٹرین کی زد میں آ گئے، واقعہ کے بعد اہل علاقہ نے کئی گھنٹے شالیمار ایکسپریس کو روکے رکھا ،انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج بھی کیا۔

تفصیلات کےمطابق چار ماہ میں ایک ہی پھاٹک پر دوسرا بڑا سانحہ 93 ج ب گوجرہ کا کھلا خونی پھاٹک مزید تین جانیں نگل گیا،، کراچی سے لاہور جاتی نائٹ کوچ شالیمار ایکسپریس نے ریلوے پھاٹک عبور کرتے موٹر سائیکل سواروں کو روند ڈالا، حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ لاشیں ناقابل شناخت ہو گئیں ۔ فیصل آباد کے علاقے رحمت ٹاؤن کے رہائشی بہن بھائی احسان، سرور اور آسیہ گوجرہ سے میلہ دیکھنے کے بعد واپس جا رہے تھے۔

اس سے قبل 22 جنوری کو سرگودھا سے جانے والے ایک ہی خاندان کے 6 افراد یہی پھاٹک عبور کرتے ٹرین کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گئے مگر انتظامیہ نےجھوٹے وعدوں کے ساتھ مظاہرین کو رام کر لیا اور آج پھر ایک اور سانحہ رونما ہو گیا۔

حادثے کے بعد مشتعل افراد نے 5 گھنٹے تک ٹرین کو روکے رکھا اور ریلوے حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ اس موقع پر اے سی گوجرہ نے انتظامی غفلت کا اعتراف کر لیا مگر ریلوے کے نظام کو بھی قصور وار قرار دیا۔

ریلوے کے فرسودہ نظام اور انتظامی غلطیوں کے باعث ایک اور حادثہ اعلیٰ حکام کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے۔