Saturday, July 27, 2024

کچے کے علاقے میں ’’پکا‘‘ آپریشن شروع، پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز سمیت سات کمانڈوز بٹالین اور ضرار کمپنی شریک

کچے کے علاقے میں ’’پکا‘‘ آپریشن شروع، پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز سمیت سات کمانڈوز بٹالین اور ضرار کمپنی شریک
April 15, 2016
راجن پور (نائنٹی ٹو نیوز) کچے کے علاقے میں پاک فوج کا آپریشن شروع ہونے پر ڈاکوؤں میں پھوٹ پڑ گئی۔ ذرائع کے مطابق چھوٹو گینگ کے پچاس ڈاکوؤں پر مشتمل ایک گروپ نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ دوسرے گروہ کے خلاف آپریشن میں بھی پیشرفت ہوئی ہے۔ کارروائی میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز سمیت سات کمانڈوز بٹالین اور ضرار کمپنی شریک ہے۔ مورچہ بندی کے بعد چھوٹی توپیں نصب کر دی گئی ہیں۔ پہلے مرحلے میں زمینی اور دوسرے مرحلے میں فضائی کارروائی کی جائے گی جبکہ رینجرز کو ریزرو فورس کے طور پر رکھا جائے گا۔ خطرناک گینگ کےخلاف آپریشن کے لئے تیار کی گئی حکمت عملی کے تحت گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد سے فضا سے نشانہ بنایا جائے گا اور تربیت یافتہ کمانڈوز زمینی آپریشن کریں گے۔ ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کرنیوالے فوجی کمانڈوز کا پہلا ہدف یرغمالیوں کی زندگی محفوظ بنانا ہے۔ گینگ کے ارکان کو زندہ پکڑنے کی کوشش بھی کی جائے گی تاکہ ان سے اہم معلومات حاصل کی جاسکیں ۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کمانڈوز کی ایلیٹ فورس کو علاقے کے محاصرہ تک محدود کر دیا گیا ہے۔ آپریشن میں جتنے بھی دن لگیں، اس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔