Saturday, July 27, 2024

کپتان بدلنے سے نمبرون نہیں بن سکتے: مصباح الحق

کپتان بدلنے سے نمبرون نہیں بن سکتے: مصباح الحق
February 2, 2017

لاہور (92نیوز) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کہتے ہیں دورہ آسٹریلیا میں ناکامی کا افسوس ہے، کپتان بدلنے سے ہم نمبرون نہیں بن سکتے، دوبارہ جیتیں گے تو چیزیں خودبخود بہتر ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا عمر بڑی بات نہیں، کارکردگی اور فٹنس اہم ہوتی ہے، مجھ پر کوئی دباؤ نہیں دل میں جو بات تھی کہہ دی۔

مصباح الحق نے کہا وہ ہر روز ٹریننگ کر رہے ہیں، ہمیں باقاعدہ سسٹم بنانا ہے، ہمارے پاس ٹیلنٹ ہے، ان کی گرومنگ کا سسٹم بہتر بنانا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کو جتنا انٹرنیشنل معیار کے مطابق کرینگے اسی قدر بہتری آئیگی۔ کپتان کے حوالے سے کرکٹ بورڈ کا فیصلہ بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہا کسی ایک بندے کے آنے یا جانے سے ٹیم پہ فرق نہیں پڑے گا، صرف کپتان بدل دینے سے نمبر ون نہیں ہوجائینگے جب تک تمام مسائل حل نہیں ہونگے بہتری نہیں آئیگی۔ انہوں نے کہا وہ کل صبح پاکستان سپر لیگ کیلئے جارہے ہیں۔ گول میز کانفرنس پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تجاویز دینا اچھی بات ہے لیکن اس پر عملدرآمد ہونا چاہئے۔