کٹھ پتلی نے پورے پاکستان کو معاشی بحران میں دھکیل دیا ، بلاول بھٹو
راولا کوٹ (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کٹھ پتلی نے پورے پاکستان کو معاشی بحران میں دھکیل دیا۔
بلاول بھٹو نے راولا کوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم مودی کے جیتنے کی دعا مانگتے ہیں نہ اپنی شادیوں میں بلاتے ہیں۔ نہاری اور حلوے کھانے کیلئے اتحاد میں شامل نہیں ہوں گے۔ تین سال سے سلیکٹڈ نظام کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ جو کہتے تھے آر یا پار ہوگا وہ پاؤں پکڑنے تک آگئے۔ ہم کشمیر پر کسی کی ڈکٹیشن نہیں لیں گے۔ 25 جولائی کو کٹھ پتلیوں کو بھگائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا وعدہ 50 لاکھ گھر بنانے کا تھا لیکن جس کے پاس چھت تھی وہ بھی چھین لی۔ مہنگائی میں ہم جنگ زدہ افغانستان اور بنگلہ دیش سے بھی آگے ہیں۔ تبدیلی کا اصل چہرہ تاریخی غربت، تاریخی مہنگائی ہے۔ یہ کٹھ پتلی پورے پاکستان کا خون چوس رہا ہے۔ تیر پر ٹھپہ لگا کرکٹھ پتلیوں کو بھگانا ہو گا۔ کشمیری مظفر آباد کو بزدل اور کٹھ پتلی سے بچائیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ووٹ کی طاقت سے کشمیر کے دونوں طرف پیغام جائیگا۔ کشمیر کی تاریخ میں یہ سب سے اہم الیکشن ہیں۔ 25 جولائی کو آزاد کشمیر میں ہمارا وزیر اعظم منتخب ہو گا۔