Friday, December 3, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

کومبنگ آپریشن : سانحہ کوئٹہ کے سہولت کاروں سمیت 70 افراد گرفتار

کومبنگ آپریشن : سانحہ کوئٹہ کے سہولت کاروں سمیت 70 افراد گرفتار
August 22, 2016
کوئٹہ (92نیوز) سانحہ کوئٹہ کے بعد بلوچستان میں کومبنگ آپریشن جاری ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پچھلے ایک ہفتے میں سول ہسپتال خودکش دھماکے کے چار سہولت کاروں سمیت 70 مشتبہ افراد گرفتارکئے۔ ان کارروائیوں میں بھاری تعداد میں اسلحہ بھی ملا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 8 اگست کو سول ہسپتال میں خودکش دھماکے کے بعد وادی کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں کومبنگ آپریشن زور و شور سے جاری ہے۔ ایک ہفتہ کے دوران سکیورٹی فورسز‘ اے ٹی ایف اور حساس اداروں نے مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائیوں میں سانحہ کوئٹہ کے چار سہولت کاروں سمیت اب تک 70 سے زائد مشتبہ افراد کوکوئٹہ‘ کانگ‘ مستونگ اور سنجاوی سے حراست میں لیا ہے جن کے قبضے سے جدید اسلحے سمیت دھماکہ خیز مواد‘ خودکش جیکٹس‘ دستی بم اور ہزاروں کی تعداد میں راونڈز برآمد کر لیے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار افراد میں اکثریت کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے جو ٹارگٹ کلنگ‘ بم دھماکوں اور فورسز پر حملوں سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔ دریں اثنا ترجمان حکومت بلوچستان انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ کومبنگ آپریشن کے دوران سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے جس کے بارے مزید بتانا قبل از وقت ہو گا۔ جلد ہی دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کر دیا جائے گا جبکہ دہشت گردوں‘ انکے سہولت کاروں کے خاتمے تک کومبنگ آپریشن جاری رہے گا۔