Friday, February 23, 2024

کورونا کی تیسری لہر، مزید 76 مریض انتقال کرگئے، ایک ہزار 629 نئے کیس رپورٹ

کورونا کی تیسری لہر، مزید 76 مریض انتقال کرگئے، ایک ہزار 629  نئے کیس رپورٹ
June 6, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں کورونا کی تیسری لہر کے وار جاری ہیں، چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 76 مریض انتقال کرگئے، ایک ہزار 629 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 32 ہزار 140 تک پہنچ گئی۔ سندھ میں 3 لاکھ 23 ہزار 72، پنجاب میں 3 لاکھ 42 ہزار 192، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 34 ہزار 321، بلوچستان میں 25 ہزار 729 کورونا کیسز ہیں۔ اسلام آباد میں 81 ہزار 700، آزاد کشمیر میں 19 ہزار 493 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 633 مریض ہیں۔

این سی او سی حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کورونا سے اب تک 21 ہزار 265 اموات ہوچکی ہیں۔ گزشتہ روز پنجاب میں 40 اور سندھ میں 10 اموات ہوئیں۔ 8 لاکھ 63 ہزار 111 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 47 ہزار 764 ہے۔ گزشتہ روز 52 ہزار 427 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ اس وقت 3 ہزار 574 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ 418 مریض وینٹلیٹرز پر ہیں۔