Tuesday, February 27, 2024

ملک بھر میں کورونا وائرس کے قاتلانہ حملے جاری ، مزید 104 اموات رپورٹ

ملک بھر میں کورونا وائرس کے قاتلانہ حملے جاری ، مزید 104 اموات رپورٹ
May 19, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں مہلک وائرس کورونا کے حملے جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 104 اموات، 3 ہزار 256 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد وشمار کے مطابق ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد 19 ہزار 856 ہو گئی۔ پنجاب میں 9563 اور سندھ میں 4835 اموات ہوئیں۔ خیبرپختونخوا میں 3827 اور ‏اسلام آباد میں 735 اموات ہوئیں ۔ بلوچستان 270 اور ‏گلگت بلتستان میں 107 اموات ہوئیں۔ آزاد کشمیر میں کورونا سےاموات کی تعداد 519 ہو گئی۔

ملک بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 8 لاکھ 86 ہزار 184 ہو گئی۔ پنجاب میں 3 لاکھ 29 ہزار 913 افراد متاثر ہوئے۔ سندھ میں متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 1 ہزار 247 ہو گئی۔ کے پی کے میں 1 لاکھ 27 ہزار 609، بلوچستان میں 24 ہزار 64 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اسلام آباد میں 79 ہزار 552 اور آزاد کشمیر میں 18 ہزار 360 افراد متاثر جبکہ گلگت بلتستان میں مریضوں کی تعداد 5439 ہو گئی۔

گزشتہ روز پنجاب میں 63 مریض جان کی بازی ہار گئے۔ خیبرپختونخوا میں 23 اموات ہوئیں۔ سندھ میں11، آزاد کشمیر میں 2 اموات ہوئیں۔ بلوچستان میں 3 اور اسلام آباد میں دو اموات رپورٹ ہوئیں۔ اس وقت ملتان 68، لاہور میں 58 اور بہاولپور میں 48 فیصد وینٹی لیٹر بھر گئے۔ ملتان میں 60 ، گوجرانوالا 51 اور صوابی 47 فیصد آکسیجن بیڈ پر مریض موجود ہیں۔