کورونا کیسز میں کمی کے بعد سندھ حکومت کا تمام درگاہیں پیر سے کھولنے کا اعلان
کراچی (92 نیوز) کورونا کیسز میں کمی کے بعد سندھ حکومت نے صوبے بھر کی تمام درگاہیں پیر سے کھولنے کا اعلان کر دیا۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق تمام مزارات میں زائرین اور عملے کو لازمی ماسک پہننا ہوگا۔ تمام داخلی راستوں پر سینیٹائزرز دستیاب ہوں گے ، لنگر پر پابندی ہو گی۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے مزارات اور درگاہوں پر احتیاطی تدابیر اور ہدایتی بینرز آویزاں ہوں گے۔ زائرین کو دس منٹ تک مزارات میں رہنے کی اجازت ہو گی۔ پچاس سال سے زائد عمر کے افراد ، بچوں اور کھانسی، بخار کی علامات والوں کو مزارات میں آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
حکومت نے مزارات پر روزانہ اسپرے اور دھلائی کرنا لازمی قرار دیا ہے۔