Wednesday, December 6, 2023

کورونا ویکسین کیلئے چین کی کمپنی سے بات چیت جاری ہے،اسد عمر

کورونا ویکسین کیلئے چین کی کمپنی سے بات چیت جاری ہے،اسد عمر
January 12, 2021

اسلام آباد (92 نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کورونا ویکسین کیلئے چین کی کمپنی سے بات چیت جاری ہے، جلد خوشخبری دیں گے۔ چند ممالک میں کورونا کی تیسری لہر بھی سامنے آئی ہے، شہریوں سے اپیل ہے احتیاط کریں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں اسد عمر نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کورونا وبا کے دوران پاکستانی پالیسیوں کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی، اقوام متحدہ، بل گیٹس اور دیگر عالمی اداروں نے پاکستان کی تعریف کی، بروقت فیصلے نہ کیے جاتے تو نقصان کا اندیشہ تھا۔حکومت کورونا ویکسین حاصل کرنے کیلئے تیزی سے فیصلے کر رہی ہے، چینی کمپنی سے بات چیت جاری ہے،جلد اچھی خبر دیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وبا کی دوسری لہر کے پیش نظر چند ممالک میں زیادہ اموات ہو رہی ہیں۔پاکستان نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کو اپنایا ہے، دسمبر2020کے پہلے ہفتے کے بعد وباء کا پھیلاؤ کم ہوا۔

اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ساڑھے پانچ کروڑ لوگ معاوضے کے عوض کام کرتے ہیں، کورونا سے 2 کروڑ افراد کا روزگار متاثر ہوا، 10 فیصد گھرانے بعض اوقات ایک سے زائد دن بھوکے رہے، 30 فیصد گھرانے خوراک کی عدم فراہمی پر عدم تحفظ کا شکار ہوئے۔