کورونا ویکسین پر جلد اچھی خبر دیں گے، اسد عمر

اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین این سی او سی اسد عمر کہتے ہیں کہ کورونا ویکسین پر جلد اچھی خبر دیں گے۔ کورونا کی دوسری لہر پہلے سے زیادہ خطرناک ہے۔
چیئرمین این سی او سی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ حکومت ویکسین حاصل کرنے کے تیزی سے فیصلے کررہی ہے، چینی کمپنی سے ویکسین کے حوالے سے بات چیت شروع ہوگئی ہے۔ صحت سے وابستہ عملے کیلئے جلد ویکیسن آجائے گی۔ حکومت نے بروقت فیصلے کیے ہیں، عوام نے مدد کی ہے۔ آخری وقت میں یہ نہیں ہونا چاہیے کہ ہم بے احتیاطی شروع کردیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے زیادہ مریض اسپتال لائے گئے، لاک ڈاؤن مجبوری تھا جس کے کئی منفی سماجی اثرات پڑے۔ بیروزگار ہونے والے 2 کروڑ افراد میں سے ایک کروڑ کا تعلق صنعتوں اور کنسٹرکشن سے تھا۔
اسد عمر نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران صنعت اور تعمیرات کے شعبے کو کھولا گیا، پاکستان نے مکمل لاک ڈاؤن کے بجائے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کو اپنایا۔ ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد بھی لاک ڈاؤن سے شدید متاثر ہوئے۔
اُن کا کہنا تھا، کورونا کی وجہ سے 47 فیصد لوگوں کو جمع پونجی استعمال کرنا پڑی۔ 30 فیصد افراد نے رشتے داروں سے قرض لیکر گزارہ کیا۔ دنیا نے کورونا کے دوران پاکستان کی پالیسی کی تعریف کی۔ لوگ اب کورونا وبا کو بھولنا شروع ہوگئے ہیں، کورونا سے دوبارہ دنیا میں اموات ہورہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں وارننگ دینا شروع کی تھی کہ وبا دوبارہ پھیل سکتی ہے۔ دسمبر میں کورونا مریضوں کی اسپتالوں میں سب سے زیادہ تعداد رہی۔ ہائی رسک سیکٹر بند کرنے سے اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد دوبارہ کم ہوئی۔ عوام احتیاط جاری رکھیں۔