کورونا وائرس کی آڑ میں مودی سرکار فاشسٹ ہندوتوا نظریہ پر عمل پیرا ہے ، وزیراعظم

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا کورونا وائرس کی عالمی وبا کی آڑ میں مودی سرکار فاشسٹ ہندوتوا نظریہ پر عمل پیرا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ پیغام میں لکھا ہندتوا نظریہ کے تحت بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم جاری رکھے ہوئے ہے۔ بی جے پی کی حکومت مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کی نسل کشی کے ساتھ ساتھ متنازعہ علاقے میں جغرافیائی تبدیلیاں کر رہی ہے جو کہ جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ جموں و کشمیر کو متنازعہ علاقہ قرار دے چکی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم، جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لے۔