Saturday, July 27, 2024

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے برطانیہ بھر میں لاک ڈاؤن کا نفاذ

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے برطانیہ بھر میں لاک ڈاؤن کا نفاذ
March 24, 2020

لندن (92 نیوز) کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے برطانیہ بھر میں لاک ڈاؤن کا نفاذ ہو گیا۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے قوم سے خطاب میں کہا کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے لاک ڈاؤن کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ برطانیہ تین ہفتوں کے لیے عملی طور پر بند رہے گا۔ کورونا کی صورت میں برطانیہ سمیت پوری دنیا کو عشروں کے سب سے بڑے خطرے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس وقت ملک بھر میں قومی ایمرجنسی کی صورتحال ہے۔ اسی لیے عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کرتا ہوں۔

 برطانوی وزیراعظم نے کہا لاک ڈاؤن کے دوران عبادت گاہیں، جم، کھیلوں کے میدان اور لائبریریاں بند رہیں گی۔ عوامی مقامات پر بھی دو سے زیادہ افراد اکھٹے نہیں ہو سکیں گے۔ پارک میں بھی کسی کو جانے کی اجازت نہیں ۔ لوگ صرف انتہائی محدود مقاصد کیلئے باہر نکل سکیں گے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ کیا جائے گا۔

بورس جانسن کا کہنا تھا کہ طبی عملے سمیت ہزاروں افراد کی زندگیاں بچانے کیلئے ایسی پابندیاں ناگزیر ہیں۔ حکومت ان کا مستقل جائزہ لیتی رہے گی۔ حالات کی مناسبت سے انہیں مزید سخت یا نرم کیا جاسکتا ہے۔