Monday, February 6, 2023

کورونا نے 71 افراد کی جان لے لی، 2 ہزار 729 وائرس میں مبتلا

کورونا نے 71 افراد کی جان لے لی، 2 ہزار 729 وائرس میں مبتلا

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان میں کورونا کے وار جاری ہیں۔ ایک دن میں مزید 71 افراد جاں بحق ہوگئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 729 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ روز کورونا کے41 ہزار 426 ٹیسٹ کیے گئے، جس میں 2 ہزار 729 نئے کیسز سامنے آئے، جبکہ 71 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 8 ہزار 724 تک پہنچ گئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 35 ہزار 056 ہوگئی ۔ سندھ میں ایک لاکھ 91 ہزار 246 ، پنجاب میں 1 لاکھ 25 ہزار 897، کے پی کے میں 51 ہزار 172، بلوچستان میں 17 ہزار 650، اسلام آباد میں 34 ہزار 300 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملتان میں 67 فیصد مریض وینٹیلیٹر پر موجود ہیں۔ اسلام آباد 51، پشاور 31 جبکہ لاہور میں 36 فیصد مریض وینٹیلیٹر پر ہیں۔ سندھ میں مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 92 ہزار 735، پنجاب میں 1 لاکھ 26 ہزار 526 اور خیبرپختونخواہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 51 ہزار 404 ہے۔

این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں 34 ہزار 300 اور بلوچستان میں 17 ہزار 696 افراد کورونا کا شکار ہیں۔ مجموعی طور پر کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 81 ہزار 268 ہے۔