Tuesday, April 30, 2024

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 53 ہزار سے تجاوز کر گئیں

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 53 ہزار سے تجاوز کر گئیں
April 3, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 53 ہزار سے تجاوز کر گئیں۔ کورونا متاثرین کی عالمی تعداد 10 لاکھ 16 ہزار تک جا پہنچی۔ کورونا کے سب سے زیادہ مریض اٹلی میں ہلاک ہوئے ہیں جن کی مجموعی تعداد 13 ہزار 915 تک جا پہنچی ہے۔ کورونا وائرس نے اٹلی میں اب تک 1 لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد کو بیمار کیا ہے۔ مجموعی ہلاکتوں میں اسپین دوسرے نمبر پر ہے۔ وہاں 10 ہزار سے زائد کورونا متاثرین لقمۂِ اجل بن چکے ہیں جبکہ وبا میں مبتلا 1 لاکھ 12 ہزار مریضوں میں سے 26,743 صحتیاب ہو گئے ہیں۔ امریکا میں کورونا متاثرین کی تعداد تیزی سے ڈھائی لاکھ کی خوفناک سطح تک پہنچ رہی ہے جبکہ ہلاکتوں میں بھی ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ فرانس میں اب تک 5 ہزار 387 افراد کورونا کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں جن میں سے 4503 اسپتالوں اور 884 نرسنگ ہومز میں ہلاک ہوئے۔ اُدھر برطانیہ میں ہر روز پہلے سے زیادہ اموات رپورٹ ہو رہی ہیں۔ وہاں مجموعی ہلاکتیں 2,921 سے زائد جبکہ کورونا متاثرین تقریباً 30,662 ہیں۔ جرمنی اور بیلجیئم میں مجموعی ہلاکتیں 1 ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں۔ ایران میں اب تک 3 ہزار 160 مجموعی اموات رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ 50,468 کورونا متاثرین میں سے 16,711 صحتیاب ہو چکے ہیں۔ سعودی عرب میں مجموعی اموات 21 ہیں جبکہ تقریباً 1900 کورونا متاثرین میں سے سوا تین سو سے زائد بیماری کو شکست دے کر زندگی کی طرف لوٹ آئے ہیں۔