اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں کورونا کی تیسری لہر کے وار جاری ہیں، مہلک وائرس سے مزید 44 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، 24 گھنٹے میں 3 ہزار 677 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گذشتہ روز کورونا کے 3 ہزار 367 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 44 افراد جان کی بازی ہارگئے۔ اب تک اموات کی کل تعداد 13 ہزار 843 تک پہنچ گئی۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 26 ہزار 802 تک پہنچ گئی۔ سندھ میں 2 لاکھ 63 ہزار 58، پنجاب میں 1 لاکھ 97 ہزار 177، کے پی کے میں 79 ہزار 245، بلوچستان میں 19 ہزار 327، اسلام آباد میں 51 ہزار 414، آزاد جموں و کشمیر میں 11 ہزار 609 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 972 مریض ہیں۔
این سی او سی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کو شکست دینے والوں کی شرح کم ہونے لگی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی شرح 92.8 فیصد رہی۔ اب تک 5 لاکھ 81 ہزار 852 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 31 ہزار 107 ہے۔ سندھ میں 4 ہزار 995، پنجاب 14 ہزار 504، کے پی کے میں 4 ہزار 926، اسلام آباد 5 ہزار 490، گلگت بلتستان 13، بلوچستان 199 اور آزاد کشمیر میں کورونا کے 880 فعال کیسز ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 41 ہزار 960 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ ملک بھر میں اب تک 97 لاکھ 73 ہزار 993 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔