Saturday, July 27, 2024

کورونا سے صحتیاب کراچی کے شہری نے پلازمہ عطیہ کردیا

کورونا سے صحتیاب کراچی کے شہری نے پلازمہ عطیہ کردیا
April 2, 2020
کراچی (92 نیوز) پاکستان میں کورونا وائرس سے سب سے پہلے متاثر اور صحتیاب ہونے والے یحییٰ جعفری نے دوسرے مریضوں کی صحتیابی کے لئےاپنا پلازمہ عطیہ کردیا۔ ڈاکٹر ثاقب انصاری کہتے ہیں صحت یاب ہونے والے مریض پلازمہ عطیہ کرکے دوسرے مریضوں کی جان بچا سکتے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کا پہلا مریض یحیی جعفری جوصحتیاب بھی سب سےپہلا ہواتھا، وہ آج دوسرے صحتیاب مریضوں کے لئے مثال بن گیا، یحییٰ جعفری نے اپنا پلازمہ عطیہ کردیا۔ والدین اور ماہر امراض خون ڈاکٹر ثاقب انصاری کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔ کہا کہ وہ قوم کی دعاوں سے صحتیاب ہوا ہے۔ چاہتا ہے دوسرے مریضوں کی جان بچائی جاسکے۔ ڈاکٹرثاقب انصاری نے کہا کہ یحییٰ جعفری کاعطیہ کیا گیا پلازمہ متاثرہ مریض کی زندگی بچانے کے کام آئے گا۔ یہ بھی کہا کہ حکومت اجازت دے تو ان کے پاس مشینری اور ورک فورس موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صحت یاب ہونے والے 18 سے 50 سال کے درمیان عمر والے افراد پلازمہ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سےصرف امداد یا سپورٹ نہیں صرف اجازت درکار ہے۔ یحییٰ جعفری کی والدہ نے کورونا سے متاثرہ مریضوں کو پیغام دیا کہ ہمت اور حوصلے سے مشکل وقت کا سامنا کریں۔ سب ہی کا کہنا تھا کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے۔