Thursday, May 2, 2024

کوئٹہ کے شہری لاک ڈاؤن سے بھوکے مرنے لگے ، ڈی سی آفس کے سامنے احتجاج

کوئٹہ کے شہری لاک ڈاؤن سے بھوکے مرنے لگے ، ڈی سی آفس کے سامنے احتجاج
April 1, 2020

کوئٹہ  ( 92 نیوز) بلوچستان میں لاک ڈاؤن کی صورتحال میں حکومت کی جانب سے اعلان کے باوجود تاحال ریلیف پیکج عوام تک نہیں پہنچ سکا ،شہریوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاج بھی کی،کہا  کہ گھروں میں فاقہ کشی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے دوسری جانب ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی بھی اپنے اپنے حلقوں سے رفو چکر ہوگئے ۔

بلوچستان میں  نو روز سے جاری لاک ڈوان کی صورتحال کے باعث بے روزگار ی اور کارباری سرگرمیاں معطل ہونے سے غریب گھرانوں کے چولہے بوجھنے لگے ہیں  ، حکومت کی جانب سے اعلان کے باوجود ریلیف پیکج لوگوں تک نہیں پہنچ سکا ۔

خواتین بچے اور بزرگ شہری مجبور کر ڈپٹی کمشنر آفس پہنچ گئے جہاں پر احتجاج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ موجود ہ مشکل حالات میں گھروں میں فاقہ کشی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے حکومت کی جانب سے تاحال امداد فراہم نہیں کی گئی۔

دوسری جانب عوامی نمائندے بھی منظر عام سے غائب ہوگئے ہیں ،شہریوں کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کو ووٹ دینے کا مقصد یہ تھا کہ مشکل میں ہماری مدد کی جائے گی مگر منتخب ہونے کے بعد عوامی نمائندے جیسے ہمیں بھول ہی گئے ہوں ۔

حکومت کی جانب سے تو ریلیف پیکج پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا تاہم فلاحی تنظیموں اور مخیر حضرات کی جانب سے لوگوں کے داد رسی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔