Saturday, July 27, 2024

کوئٹہ میں قلعہ سیف اللہ روڈ پر مسافر بس اور وین میں تصادم، 13 افراد جاں بحق

کوئٹہ میں قلعہ سیف اللہ روڈ پر مسافر بس اور وین میں تصادم، 13 افراد جاں بحق
December 13, 2019
 کوئٹہ (92 نیوز) کوئٹہ میں المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا۔ قلعہ سیف اللہ روڈ پر مسافر بس اور وین میں خوفناک تصادم ہوا جس میں جھلس کر 13 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بلوچستان میں ایرانی ڈیزل اور پیٹرول کی سمگلنگ کا کاروبار مزید 13 زندگیاں نگل گیا۔ آج صبح ژوب سے کوئٹہ آنے والی مسافر بس کان مہترئی زئی کے قریب مخالف سمت سے آنے والی پک اپ گاڑی سے ٹکرا گئی۔ پک اپ میں ایرانی ڈیزل اور پیٹرول کی موجودگی کے باعث دونوں گاڑیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بس میں سوار 13 افراد کو جلا کر راکھ کر دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ۔ جاں بحق افراد کی لاشیں نکال کر انہیں کوئٹہ روانہ کر دیا گیا ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق تمام لاشیں ناقابل شناخت ہیں جنہیں ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ہی ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر جام کمال خان نے واقع میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جبکہ پابندی کے باوجود ایرانی ڈیزل اور پیٹرول کی سمگلنگ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی مکمل تحقیقات کر کے رپورٹ 24 گھنٹوں کے اندر اندر پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔