Saturday, July 27, 2024

کوئٹہ : سول ہسپتال میں بم دھماکا‘ 67 افراد جاں بحق‘ 40 سے زائد زخمی

کوئٹہ : سول ہسپتال میں بم دھماکا‘ 67 افراد جاں بحق‘ 40 سے زائد زخمی
August 8, 2016
کوئٹہ (92نیوز) کوئٹہ کے سول ہسپتال میں دھماکے کے نتیجے میں 67 افراد جاں بحق جبکہ چالیس سے زائد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قتل ہونے والے بلوچستان بار کونسل کے صدر ایڈووکیٹ بلال انور کاسی کی میت کوئٹہ کے سول ہسپتال لائی گئی تھی۔ اس موقع پر ہسپتال میں وکلاءبڑی تعداد میں موجود تھے کہ ہسپتال کے شعبہ حادثات کے بیرونی گیٹ پر زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں پچاس افراد جاں بحق جبکہ چالیس سے زائد زخمی ہو گئے۔ وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے 92نیوز سے گفتگو میں دھماکے میں 25 سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ quetta blast 500x300 وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری کی ہدایت پر کوئٹہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ جبکہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد وکلاءکی ہے جن میں بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر باز محمد کاکڑ بھی شامل ہیں۔ ابھی تک کسی بھی جانب سے اس اندوہناک واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔