Thursday, September 29, 2022

کوئٹہ : بم دھماکے میں 2 کانسٹیبل جاں بحق، 2اہلکاروں سمیت5زخمی

کوئٹہ : بم دھماکے میں 2 کانسٹیبل جاں بحق، 2اہلکاروں سمیت5زخمی
کوئٹہ (92نیوز) کوئٹہ میں اسپنی روڈ بس اڈے کے قریب بم دھماکے سے دو اہلکار جاں بحق جبکہ دو اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے دہشت گرد آسان اہداف ڈھونڈ رہے ہیں۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ان کا پیچھا کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اسپنی روڈ پر پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی۔ جیسے ہی پولیس موبائل اسپنی روڈ پر پہنچی نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے نصب کیا گیا بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 2 اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طورپر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ شدید زخمی ہونے والے افراد کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا۔ صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد وں کو اپنی ناکامی نظر آرہی ہے یہی وجہ ہے کہ وہ اب آسان اہداف ڈھونڈ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ان کا پیچھا کریں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔