کوئٹہ: این ٹی ایس ٹیسٹ پاس کرنیوالے امیدواروں کیلئے نوکری کے احکامات
کوئٹہ (92نیوز) بلوچستان محکمہ تعلیم میں 5 ہزار پوسٹوں کے لئے این ٹی ایس ٹیسٹ کے بعد کامیاب امیدواروں میں وزیراعلی ہاوس میں تقرری کے آرڈر تقسیم کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 32 اضلاع کے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے بلوچستان حکومت کی جانب سے محکمہ تعلیم میں پانچ ہزار پوسٹوں کا اعلان کرتے ہوئے این ٹی ایس ٹیسٹ کو میرٹ کے مطابق قرار دیتے ہوئے تقرریوں کا اعلان کیا گیا۔
ٹیسٹ میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین بیروزگار افراد نے اپنی قسمت آزمائی۔وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب میں پہلے مرحلے میں کوئٹہ کے 45 کامیاب ہونے والے امیدواروں میں تقرر نامے تقسیم کیے گئے جن کی کامیابی کو وزیراعلی بلوچستان نے بھی سراہا۔
کامیاب امیدوار چہرے پر خوشی اور حیرانی کے ملے جلے تاثرات لئے انتہائی خوش تھے۔ سیکرٹری تعلیم کے مطابق دیگر 31 اضلاع کے این ٹی ایس ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان بھی 12 اکتوبر تک کردیا جائے گا جبکہ صوبے میں رواں سال مزید 17 سو پوسٹوں کا بھی ا علان کیا جائے گا۔