Thursday, October 6, 2022

کوئٹہ: ایف سی کی چیک پوسٹ پر دھماکا‘ ایک اہلکار شہید‘ بچے سمیت چار زخمی

کوئٹہ: ایف سی کی چیک پوسٹ پر دھماکا‘ ایک اہلکار شہید‘ بچے سمیت چار زخمی
کوئٹہ (92نیوز) کوئٹہ کے علاقے جوائنٹ روڈ پر سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دھماکے سے ایک اہلکار شہید‘ 3اہلکاروں اور ایک بچے سمیت4افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ ایک بار پھر دہشت گردوں کے نشانے پر آگیا۔ اس بار دہشت گردوں نے نشانہ بنایا جوائنٹ روڈ بروری چوک پر واقع سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کو۔ دھماکے سے ایک اہلکار شہید جبکہ 3اہلکارزخمی ہو گئے۔ سکول جانے والا ایک بچہ بھی دھماکے کی زد میں آکر زخمی ہوا۔ زخمی افراد کو فوری طورپر سول ہسپتال پہنچایا گیا۔ دھماکے سے آس پاس کی دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ واقعہ کے فوری بعد پولیس‘ ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکے میں 4سے 5کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ کے بعد آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن سمیت پولیس اور ایف سی کے اعلی افسران نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور واقعہ پر دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔