Saturday, September 21, 2024

کمسن طالبہ کے قتل کا معمہ حل، سفاک والد اور سنگل بھائی قاتل نکلے، ملزمان گرفتار

کمسن طالبہ کے قتل کا معمہ حل، سفاک والد اور سنگل بھائی قاتل نکلے، ملزمان گرفتار
October 1, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) لاہور کے علاقے شادباغ کی رہائشی ساتویں جماعت کی کمسن طالبہ کے قتل کا معمہ حل ہو گیا۔ قاتل کوئی اور نہیں بلکہ سفاک والد اور سنگدل بھائی نکلا ہے۔ ساتویں جماعت کی طالبہ انیقہ کو محض چھوٹی سی بات پر اس کے بے رحم والد خالد اور سفاک بھائی ابوذر نے قتل کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس کے مطابق ملزموں نے روٹی گول نہ پکانے کے جرم میں اپنی لاڈلی کو پہلے تو بے پناہ تشدد کا نشانہ بنایا، اس سے بھی جی نہ بھرا تو اس کو موت کی گہری نیند سلا دیا۔ پھر پکڑے جانے کے خوف سے سارے ثبوت مٹاتے ہوئے اس کی نعش کے کپڑے تبدیل کیے اور اپنے ہاتھوں سے اپنی پیاری کی لاش میو اسپتال کے ڈیڈہاؤس کے باہر پھینک گئے۔ ملزموں نے لاش پھینکنے کے بعد انیقہ کے اغوا کا مقدمہ تھانہ شادباغ میں درج کروایا تاہم چند روز بعد جب انیقہ کی تشدد زدہ نعش ملی تو پوسٹ مارٹم کے بعد والدین نے اس کی تدفین کر دی۔ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈیڈہاؤس کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے ملزمان تک پہنچ گئی۔ شادباغ پولیس نے تفتیش کرتے ہوئے نہ صرف اس اندھے قتل کا معمہ حل کیا بلکہ سفاک قاتلوں کو بھی گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سنگدل باپ خالد نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ بیٹی کو گول روٹیاں نہ بنانے پر اس نے اپنے بیٹے ابوذر کے ساتھ مل کر قینچی اور راڈ کے ساتھ انیقہ کو تشدد کا نشانہ بنایا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔ پھر قتل کے ثبوت مٹانے کے لیے اس کی نعش کو ڈیڈ ہاؤس کے باہر پھینک دیا۔