کلنٹن فاؤنڈیشن کے ٹیکس گوشواروں میں غلطیوں کا اعتراف، غلطیاں درست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں: سی ای او

نیویارک (ویب ڈیسک) کلنٹن فاؤنڈیشن کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو نے اعتراف کیا ہے کہ کلنٹن فاؤنڈیشن میں عطیات دینے والے افراد کی فہرست اور ٹیکس ریٹرنز کے حوالے سے بعض غلطیاں ہوئی ہیں۔
کلنٹن فاؤنڈیشن کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو ماؤرا پالے نے کہا جس طرح دوسری بڑی تنظیموں سے غلطیاں ہوتی ہیں اسی طرح کلنٹن فاؤندیشن سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں اور تنظیم ان غلطیوں کو درست کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ مستقبل میں ایسا نہ ہو۔
رائٹرز نے پچھلے ہفتے خیراتی ادارے کو حکومتوں اور افراد کی فہرست کے حوالے سے غلطیوں کی نشاندہی کی تھی جس پر فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ وہ کم از کم پانچ ٹیکس ریٹرن فائل کرے گی۔
پالے نے کہا تنظیم نے اپنے کل محاصل کے بارے میں درست رپورٹ دی لیکن حکومتی گرانٹس کو دوسرے عطیات کے ساتھ شامل کیا گیا۔ نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ فاؤنڈیشن کو دو ہزار تیرہ میں ایک سو چالیس ملین کے عطیات ملے یا ان کا وعدہ کیا گیا جن میں سے صرف نو ملین ڈالر استعمال ہوئے۔