کلثوم نواز کی حالت بدستور تشویشناک،وینٹی لیٹر سے ہٹانے سے متعلق فیصلہ آج کیا جائیگا
لندن ( 92 نیوز) سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی حالت بدستورتشویشناک ہے ، ڈاکٹرز کا پینل آج انہیں وینٹی لیٹر سے ہٹانے یا نہ ہٹانے کا جائزہ لے گا ۔ نوازشریف اور مریم نواز نے کلثوم نواز کی حالت کے پیش نظر وطن واپسی کا فیصلہ مؤخر کردیا۔
مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی حالت تاحال سنبھل نہ سکی ، اسپتال میں ڈاکٹرز آج بیگم کلثوم نواز کی صحت کا جائزہ لیں گے ، جس کے بعد انہیں وینٹی لیٹر سے ہٹانے یا نہ ہٹانے کا فیصلہ کیا جائے گا ۔
دوسری طرف نوازشریف اور مریم نواز نے کلثوم نواز کی طبیعت کے پیش نظر وطن واپسی کا فیصلہ مؤخر کردیا ہے، نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا ہے وہ چاہتے ہیں والدہ کی مکمل صحت یابی تک والد لندن ہی میں رہیں۔
نوازشریف کا کہنا ہے کہ لندن پہنچے تو اہلیہ بےہوش تھیں اور تاحال وینٹی لیٹر پر ہیں، اللہ تعالیٰ کلثوم نواز کو صحت اور زندگی عطا فرمائے۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ عوام کی دعاؤں سے بھابھی کو زندگی بخشے گا۔
ہارلے کلینک میں کلثوم نواز کی عیادت کیلئے مختلف شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، تحریک انصاف برطانیہ کے صدر ریاض حسین بھی ہارلے کلینک پہنچے اور پارٹی چیئرمین عمران خان کی جانب سے کلثوم نواز کی عیادت کی، اور گلدستہ پیش کیا ۔
برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے بھی کلثوم نواز کی عیادت کی۔