Tuesday, October 4, 2022

کشمیر کیلئے جدوجہد کرنی ہے جنگ تو نہیں کرنی، شیخ رشید

کشمیر کیلئے جدوجہد کرنی ہے جنگ تو نہیں کرنی، شیخ رشید
لاہور (92 نیوز) کشمیر کیلئے جدوجہد کرنی ہے جنگ تو نہیں کرنی، وزیر ریلوے شیخ رشید کہتے ہیں مودی ہٹلر لیڈر ہے جس نے مسئلہ کشمیر کو زیادہ زندہ کیا ہے، اب بھارت کے اسٹیجوں پر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگ رہے ہیں۔ شیخ رشید نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نہیں چاہتی چور، لٹیرے ڈاکو باہر عیاشیاں کریں۔ قوم کو سمجھ ہے یہ لندن ایسے نہیں بیٹھے ہوئے، مریم نواز کے سامنے کابینہ رکاوٹ ہے، مریم نواز جاتی ہیں تو ان کی سیاست پر بھی سوالیہ نشان ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ لڑائی نہیں میڈیا میڈیا کھیلیں گے۔ بلاول کی نظر کیا خراب ہو گی اسے اپنا صدقہ دیتے رہنا چاہیے۔ ایم کیو ایم بہت اچھی اور شریف پارٹی ہے۔ سربراہ جے یوآئی کے حوالے سے کہا کہ مولانا ویسے آئیں پکوڑے کھلائیں گے، مولانا دھرنا دینے آئے تو جی جان سے آئیں۔ وفاقی وزیر ریلوے بولے کہ کراچی سرکلر ریلوے پر کوئی سیاست چاہتا ہے تو دل پشوری کر لے،  مولانا دھرنا دینے آیا تو دھر لیا جائے گا، مولانا ویسے آئیں پکوڑے کھلائیں گے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم نے ریلوے میں اہم فیصلے کئے ہیں، اپریل کے آخر میں کوچز کو نئی شکل دینے جا رہے ہیں، فریٹ ہمارا ٹارگٹ سے زیادہ ہے، فریٹ اور لینڈ کی کمائی بڑھائیں گے، ریلوے کا خسارہ کم کریں گے۔ ریونیو کو بڑھانا چاہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ایک مرلہ زمین کسی کو نہیں دی، ایک روپے کی چیز بھی نہیں امپورٹ کی،ایک صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ٹرپل ایس ہوں، شارٹ سویٹ اور اسمارٹ۔