کشمیر کمیٹی سے فضل الرحمن کو ہٹا کر کشمیریوں کی جان چھڑائی جائے: لارڈ نذیر

لاہور (92نیوز) لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ کشمیر کمیٹی کے چئیرمین مولانا فضل الرحمن کو عہدے سے ہٹا کر کشمیریوں کی جان چھڑائی جائے۔ بھارت صرف خواب میں ہی سرجیکل سٹرائیک کر سکتا ہے۔
پنجاب یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پاکستانی سیاستدانوں کے بیانات کوسن کر مایوسی ہوتی ہے۔ مولانا فضل الرحمن کو کشمیر کمیٹی کا چئیرمین بنانا غلط فیصلہ ہے۔
کشمیریوں کو ان سے نجات دلائی جائے۔ لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ بھارت صرف خواب میں ہی سرجیکل اسٹرائیک کرسکتا ہے۔ پاکستان کو خالصتان تحریک کی سپورٹ کرنی چاہیے۔ خالصتان بن گیا تو کشمیر بھی آزاد ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان فیصلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ پاکستان کو بوڑھے خارجہ مشیروں کی نہیں نوجوان مشیر خارجہ کی ضرورت ہے۔