Saturday, July 27, 2024

کشمیر پر پاکستان کے اقدامات سے بھارت پر پریشر آئیگا، ماہرین

کشمیر پر پاکستان کے اقدامات سے بھارت پر پریشر آئیگا، ماہرین
August 8, 2019
لاہور (روزنامہ 92 نیوز) روزنامہ 92 نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے خارجہ و عسکری ماہرین نے کہا کہ  کشمیر کے حوالے سے بھارتی اقدامات کے بعد پاکستان کی جانب سے جو جوابی اقدامات کئے  گئے ہیں اس سے بھارت پر پریشر آ ئے گا، جب تک پاک بھارت فوجیں ایٹمی ہتھیاروں کے ساتھ آ منے سامنے نہیں ہوں گی تب تک دنیاکبھی بھی بھارت پر پریشر نہیں ڈالے گی۔ ائیر مارشل (ر)مسعود اختر نے کہاپاکستان نے جو اعلامیہ جاری کیا ہے اس سے بھارت پر دباؤ پڑے گا ، پاکستان کو ابھی مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ، اسلامی ممالک میں لابنگ اور اسلامی ممالک کی آ راء کو اپنے حق میں کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ  جب تمام اسلامی ممالک پاکستان کے حق میں بیانات جاری اور بھارت پر دباو بڑھائیں گے تو اس سے بھارت مزید دباؤ میں آ ئے گا، بھارتی اقدامات پر کٹھ پتلی محبوبہ مفتی اور عمر عبد اﷲ بھی چیخ پڑے ہیں، میرا ذاتی خیال ہے کہ ابھی عسکری کارروائی کا چانس نہیں ۔ ائیر مارشل (ر)مسعود اختر نے مزید کہا کہ  بھارت کبھی نہیں چاہے گا مسئلہ کشمیر پر پاکستان سے جنگ ہو، پاکستان کی افواج اس وقت تیار ہیں ، اگر کوئی بڑی عسکری کارروائی ہو ئی تو وہ پاکستان کی طرف سے ہی ہو گی ۔ سابق وزیر خارجہ سردار آ صف احمد علی نے کہا میں مشترکہ اعلامیہ سے مکمل اتفاق کرتا ہوں لیکن اصل بات یہ دیکھنی ہے کہ بھارت اور دنیا ان اقدامات کو کس طرح دیکھتی ہے ، میرا خیال ہے کہ بھارت پر دباؤ ضرور آ ئے گا لیکن اتنا دباو نہیں آ ئے گا کہ اپنا فیصلہ واپس لے لے ۔ سردار آصف احمد علی نے کہا کہ  مودی کو اس وقت کشمیر میں فائدے نظر آ رہے ہیں، بھارتی انوسٹرز کشمیر میں بھاری پیسہ انوسٹ کرنا چاہتے ہیں، بھارت کبھی اپنے فیصلہ سے پیچھے نہیں ہٹے گا ، فیصلہ اسی صورت واپس ہو سکتا ہے جب دونوں ممالک کی افواج ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ہو کر سرحدوں پر آ جائیں تب دنیا مداخلت کرے گی ۔ معروف تجزیہ کار ماریہ سلطان نے کہا مشترکہ اعلامیہ ابتدائی اقدامات ہیں،حکومت اس سے آ گے بھی جا سکتی ہے ، عسکری قیادت بڑی جنگ کیلئے تیار ہے ، پاکستان اس ایشو کو لیکر یو این او میں بھی جائے گا، اگر جنگ ہوتی ہے تو محدود نہیں ہو گی، بھارت نہیں چاہتا جنگ ہو ۔