کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے : جنرل راحیل شریف
لندن(92نیوز)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لندن میں مصروف دن گزارا اوررائل انسٹیٹویٹ آف سائنسزمیں خطاب کے علاوہ برطانیہ کے وزیر داخلہ سے بھی ملاقات کی ۔ آرمی چیف نے کہاکہ بھارت حکمت عملی کے تحت کنٹرول لائن پر سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کر کے دہشتگردی کے خلاف جنگ کو متاثر کر رہا ہے جبکہ کشمیرتقسیم ہند کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے ۔
تفصیلات کےمطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے دورہ لندن کے دوران رائل انسٹیٹویٹ آف سائنسز سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں امن و امان کے حوالے سے ماحول بہتر ہو رہا ہے اور ملک میں معاشی طور پر فضا بھی سازگار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مکمل سیکیورٹی کی بحالی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، آرمی چیف نے کہا کہ افغان عوام کے ساتھ برادرانہ اور خون کا رشتہ ہے اور پاکستان افغانستان میں مستقل امن کے لئے کوششیں جاری رکھے گا اور اس حوالے سے دشمن کا منفی پراپیگنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کشمیر تقسیم ہند کا ایک نا مکمل ایجنڈہ ہے اور عالمی برادری خطے میں حقیقی امن چاہتی ہے تو اسے مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد کرنا ہو گی۔ بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیاں اور پاکستان کے خلاف بلاواسطہ کارروائیاں خطے پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہیں اور یہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ کو بھی متاثر کر رہی ہیں۔آرمی چیف نے برطانیہ کے وزیر داخلہ سے ملاقات کے دوران مطالبہ کیا کہ برطانیہ دہشتگردوں کی فنڈنگ روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔