Saturday, July 27, 2024

کشمیری عوام کی آزادی کیلئےتحریک آج بھی سرچڑھ کربول رہی ہے

کشمیری عوام کی آزادی کیلئےتحریک آج بھی سرچڑھ کربول رہی ہے
February 4, 2017
اسلام آباد(92نیوز)قتل ہوئے گھراجڑے آنکھیں گنوائیں  لیکن ہمت اور حوصلے میں ذرا برابر کمی نہ آئی پاکستان کی شہ رگ کے جانبازہمت والے اور سبز ہلالی پرچم لہرانے والے کشمیری عوام کی آزادی کےلئے تحریک آج بھی سر چڑھ کر بول رہی ہے۔ تفصیلات کےمطابق انگریزوں نے مہاراجہ گلاب سنگھ کے ساتھ بدنام زمانہ ”معاہدہ امرتسر“کیا اور16مارچ 1846ءکو کشمیر 75لاکھ روپے نانک شاہی میں خرید لیا بس یہی وہ دن تھا جب کشمیریوں نے علم بغاوت اٹھایا اور آزادی کا نعرہ لگایا۔ آل انڈیا مسلم لیگ کا دور آیا تو مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کےلئے شاعر مشرق علامہ اقبال نے ”کشمیر کمیٹی“کی سربراہی کا بیڑہ اٹھایا۔پاکستان وجود میں آیا تو بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے جنت نظیر کشمیر کو پاکستان کی”شہ رگ“ قرار دیدیا۔ 19جولائی 1947ءکو سردار ابراہیم خان کے گھر سری نگر میں باقاعدہ طورپر”قرار داد الحاق پاکستان “منظور کی گئی۔۔23اگست 1947ءکو نیلا بٹ کے مقام پر مجاہد اول سردار عبدالقیوم نے مسلح جدوجہد کاآغاز کیااور کشمیر کا ایک حصہ آزاد کراکے پاکستان سے الحاق کیا۔اسی دوران پنڈت جواہر لعل نہرواقوام متحدہ پہنچے اوروعدہ کیا کہ ریاست کے مستقبل کا فیصلہ رائے شماری سے کرینگے۔ یوم یکجہتی کشمیر منانے کی روایت قاضی حسین احمد مرحوم نے رکھی جنہوں نے 5جنوری 1989ءکو لاہور میں 5فروری کو یوم کشمیر منانے کااعلان کیا نواز شریف اورمحترمہ بے نظیر بھٹو نے بھرپور تائید کی۔آج بھی یہ دن پاکستان سمیت پوری دنیا میں اس عزم کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ ”میرے وطن تیری جنت میں آئینگے اک دن“۔