Saturday, September 14, 2024

کشمیری حریت پسند کمانڈر برہان مظفر وانی کا آج پانچواں یوم شہادت

کشمیری حریت پسند کمانڈر برہان مظفر وانی کا آج پانچواں یوم شہادت
July 8, 2021

سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیرمیں آزادی کا نیا استعارہ بننےوالے نوجوان حریت رہنما برہان وانی کی آج پانچویں برسی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں جدوجہدآزادی کو نئی جلا بخشنے والابرہان وانی آج بھی کشمیریوں کے دلوں میں زندہ ہے۔ نوجوان کشمیری حریت پسند رہنما نے اپنے جوش و ولولے اور شہادت سے کشمیری نوجوانوں میں آزادی کی نئی روح پھونک دی۔

برہان وانی کی شہادت نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم کےخلاف کئی نوجوانوں کو آواز بلند کرنے ، ڈٹ جانے کا سبق سکھایا۔ برہان مظفر وانی 19 ستمبر 1994 کو مقبوضہ کشمیر کےعلاقے ضلع پلوامہ کے گاوں دادا سارامیں پیدا ہوئے۔ ان کے والد ایک سرکاری سکول میں استاد تھے۔ وہ اپنے چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑے تھے۔ برہان وانی بڑے ہو کر ڈاکٹر بننا چاہتے تھے کہ ایک واقعے نے ان کی زندگی بدل دی۔

برہان وانی اور اس کے بھائی کو بھارتی فوجیوں نے بلاوجہ بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا جس پر برہان وانی نے اس ظلم کےخلاف ہتھیار اٹھا لئے۔ برہان وانی نے 2010 میں آزادی کے متوالے کے طور پر جدوجہد کا علم بلند کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ نوجوان کشمیری نسل کے ہیرو بن گئے۔ وہ سوشل میڈیا پر اپنی جدوجہد کی تصاویر شئیر کرتے جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو جاتیں۔

بھارتی فورسز نے ان کے جذبہ حریت اور نوجوانوں میں مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ان کی نگرانی شروع کر دی۔ آٹھ جولائی 2016 کو بھارتی فوج نے بارہ مولا کے ایک گاوں کے محاصرے میں برہان وانی اور ان کے دو ساتھیوں سرتاج احمد شیخ اور پرویز احمد لشکری سمیت شہید کر دیا۔ نو جولائی کو ان کے جنازے میں دو لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی اور اس نوجوان کشمیری کی شہادت کو خراج عقیدت پیش کیا۔

 برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں میں آزادی کی ایسی شمع روشن ہوئی جسے بھارتی فوج آج تک نہیں بجھا سکی ۔ ایک بعد دوسرا نوجوان آزادی کا نعرہ بلند کرتے ہوئے شہادت کو گلے لگا رہا ہے۔