لاہور (92 نیوز) وفاق کے بعد پنجاب کے سرکاری محکموں میں بھی مریم نواز کے احکامات پر عمل درآمد کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں، پنجاب میں کس طرح عمل کریں۔ سرکاری افسران سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔
مصدقہ ذرائع کے مطابق این اے 120کا الیکشن جیتنے کے لیے مریم نواز نے اپنے والد نواز شریف کے ذریعے صوبہ کی اہم ترین سرکاری شخصیات کو پیغام بھجوایا ہے کہ مریم کسی بھی سرکاری محکمے میں کوئی بھی کام کہتی ہے یا اس کی طرف سے کوئی بھی پیغام آتا ہے تواس پر فوری عمل کیا جائے۔
پولیس سے لیکرمحکمہ بلدیات اور دیگر ایسے تمام محکمے جہاں روز مرہ کے معاملات میں عوام کا زیادہ عمل دخل ہے ان محکموں کوخصوصی طور پر یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
مصدقہ ذرائع کے مطابق دو اہم ترین سرکاری افسران جو وفاق میں بھی مریم نواز کے احکامات پرعمل کراتے تھے، اب پنجاب میں بھی انکی خصوصی طور پر این اے 120 کے انتخاب کے حوالے سے ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔
پنجاب کی بیورو کریسی اس حوالے سے شدید پریشانی کا شکار ہے کہ پہلے شہباز شریف کے بعد حمزہ شہباز کے احکامات پر عمل کیا جاتا تھا اور اب مریم نواز کے احکامات پرعمل کرنے پر حمزہ یا شہباز شریف ناراض نہ ہو جائیں۔
مریم کی سرکاری اداروں میں مداخلت پر حمزہ شہباز سب سے زیادہ نالاں ہیں اور وہ عید کے بعد فوری پاکستان آرہے ہیں تاکہ پنجاب میں سیاسی اور سرکاری دونوں حلقوں میں اپنا ہولڈ قائم رکھ سکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز بھی اسی وجہ سے واپس آرہے ہیں اور واپس آکروہ بظاہر یہی تاثر دیں گے کہ وہ الیکشن مہم کے لیے آئے ہیں مگر حقیقت میں ان کی لابی سے تعلق رکھنے والے ان کے ساتھیوں نے انہیں کہا ہے کہ اگر مریم اکیلی میدان میں رہیں تو سیاسی طور پر حمزہ شہباز کو نقصان ہو گا ۔