کس قانون کےتحت شہبازشریف کو بلٹ پروف گاڑی دی گئی؟ چیف جسٹس
اسلام آباد (92 نیوز) چیف جسٹس نے شہباز شریف کی ماڈل ٹاؤن رہائشگاہ کے باہر کی ویڈیو بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کس قانون کے تحت سابق وزیر اعلی پنجاب کو بلٹ پروف گاڑی دی گئی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ بتائیں کس جگہ لکھا ہے سکیورٹی خدشات کے باعث بلٹ پروف گاڑی فراہم کی جاتی ہے؟
لگژری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے چیئرمین ایف بی آر سے استفسار کرتے ہوئے کہا آپ کو معلوم ہے ان گاڑیوں کی مینٹیننس پر کتنا خرچ آتا ہے؟ سرکاری افسران کے بچے ان گاڑیوں کو استعمال کر رہے ہیں، جو گاڑیاں آپ نے قبضے میں لیں ان کی بندر بانٹ کر دی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ 57 گاڑیاں ان لینڈ ریونیو کی ہیں ، بلوچستان کی 56 میں سے 49 ریکور ہو چکی ہیں ، وفاق میں 105 گاڑیاں ریکور کی ہیں ۔ صرف تین گاڑیاں مولانا فضل الرحمان، کامران مائیکل اور عبدالغفور حیدری کے پاس ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا مولانا فضل الرحمن سے کہیں اپنی سیکیورٹی کا بندوبست کریں انکے بہت جاں نثار ہیں، مولانا صاحب سے پوچھ کر بتائیں قوم کے پیسے کا استعمال کیوں کر رہے ہیں؟
سپریم کورٹ نے آج رات تک بلوچستان کے سات سابق وزرا کو اپنی گاڑیاں جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان، عبدالغفور حیدری اور کامران مائیکل کو کل عدالت طلب کر لیا۔