Saturday, July 27, 2024

کسٹم کلیکٹر کے ماڈل ایان علی کو جرمانے کے فیصلے پر حکم امتناع جاری

کسٹم کلیکٹر کے ماڈل ایان علی کو جرمانے کے فیصلے پر حکم امتناع جاری
April 19, 2016
راولپنڈی (نائنٹی ٹو نیوز) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے کسٹم کلیکٹر کے ماڈل ایان علی کو جرمانے کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کر دیا جبکہ کرنسی سمگلنگ میں ماڈل کے گواہ نے بھی توہین عدالت کی درخواست جمع کرا دی۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں ماڈل ایان علی کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ کسٹمز کلکٹر کی عدالت نے 5لاکھ کرنسی ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے 5کروڑ روپے جرمانہ بھی کیا جو خلاف قانون ہے کیونکہ کرنسی سمگلنگ کی کوشش نہیں کی گئی تھی بلکہ غیرملکی ڈالر اپنے بھائی کے حوالے کئے جانے تھے لیکن اے ایس والوں نے کسٹمز کائونٹر پر پہنچنے سے قبل ہی پکڑ کر کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ کسٹمز کلکٹر کے  فیصلے کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس اطہر محمود نے ابتدائی سماعت کے بعد حکم امتناعی جاری کر دیا۔ عدالت نے کسٹم کلکٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت چھبیس اپریل تک ملتوی کر دی۔ کرنسی سمگلنگ کیس میں شامل  پراپرٹی ڈیلر اویس کی جانب سے بھی لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں توہین عدالت کی  دائر درخوست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ عدالت کے منع کرنے کے باوجود  کسٹم کلکٹر نے اسے اپنے فیصلے میں ملزم ظاہر کیا ہے اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کا نوٹس بھی بھجوایا  ہے۔ جسٹس اطہر محمود اور جسٹس شاہد مبین پر مشتمل ڈویزن بنچ  نے کسٹم کلکٹر سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقررہ سماعت پر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔