اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے اسٹیورڈ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 15 مہنگے آئی فونز برآمد کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا فلائٹ اسٹیورڈ کینیڈا سے 15 مہنگے آئی فون لے کر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا تھا۔ پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملازم سیاحتی ویزے پر کینیڈا سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں بطور مسافر سفر کر رہا تھا۔ اسلام آباد پہنچنے پر کسٹم حکام کی چیکنگ کے دوران ملازم سے جدید اسمارٹ فونز برآمد ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں آئی فون 16 پر کتنا ٹیکس لگتا ہے؟
کسٹم حکام نے پی آئی اے ملازم کو قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا ہے اور ذاتی حیثیت میں سفر کرنے کے باوجود پی آئی اے انتظامیہ نے ملازم کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ایئرلائن کی انتظامیہ ملازمین کے کسی بھی غیر مجاز اقدام کو برداشت نہیں کرتی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ملازمین کے ساتھ نرمی کا مظاہرہ نہیں کرتی۔