کسان پیکج پر پابندی برقرار !!! اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومتی درخواست خارج کر دی
اسلام آباد (92نیوز) اسلام ہائیکورٹ نے وزیراعظم کے کسان پیکج پر الیکشن کمیشن کی پابندی پر حکم امتناعی کی درخواست خارج کردی۔ اٹارنی جنرل کے اصرار پر عدالت کا کہنا تھا کہ حکم امتناعی جاری کرنے سے مزید پیچیدگیاں پیدا ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس نورالحق قریشی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے وزیراعظم کے کسان پیکج سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت اٹارنی جنرل سلمان بٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست پر فیصلہ آنے تک حکم امتناعی جاری کیا جائے اور کسان پیکج پر الیکشن کمیشن کی طرف سے لگائی گئی پابندی کو کالعدم قرار دیا جائے۔
دوران سماعت اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ کسانوں نے اپنے مطالبات کے لئے اگست میں ملک گیر احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔ تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے نہ صرف کسانوں کے مطالبات کی حمایت کی بلکہ ان کے حق میں بیانات بھی دیے۔ عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، سابق صدر آصف علی زرداری، پرویز الٰہی اور منظور وٹو کے بیانات کی کاپی بھی پیش کی۔
وفاق کی درخواست میں وضاحت کی گئی تھی کہ کسان پیکج کا سندھ، پنجاب اور اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے کوئی تعلق نہیں۔ کسانوں سے مذاکرات کے بعد وفاقی کابینہ نے 15ستمبر کو کسان پیکج کی منظوری دی جبکہ الیکشن کمیشن کی طرف سے 21ستمبر کو جاری کیا گیا ضابطہ اخلاق غیرقانونی ہے کیونکہ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق جاری کرتے وقت کسی بھی سیاسی جماعت سے مشاورت نہیں کی۔
اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کسان پیکج کی معطلی سے زرعی شعبے کو بڑے نقصان کا اندیشہ ہے۔ وفاق کی درخواست پر ریمارکس دیتے ہوئے جسٹس نورالحق قریشی نے کہا کہ حکم امتناعی کا فیصلہ جاری کرنے سے پیچیدگیاں پیدا ہوں گی۔
درخوست پر فیصلہ فریقین کو سن کر کیا جائے گا۔ عدالت نے سماعت 13اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ممبران کو نوٹس جاری کر دئیے۔