Sunday, October 2, 2022

کرونا وائرس سے مزید 116 افراد ہلاک

کرونا وائرس سے مزید 116 افراد ہلاک
بیجنگ ( 92 نیوز) کرونا وائر س سے ہونے والی ہلاکتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 116 افراد ہلاک ہوگئے ، اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار ایک سو اٹھائیس تک پہنچ گئی ، متاثرین کی تعداد 75 ہزار 700 سے زائد ہو چکی ہے۔ ایران اور جاپانی کروز شپ پر بھی کرونا سے پہلی ہلاکتیں رپورٹ ہو گئیں۔ کرونا وائرس کے ہلاکت خیز وار جاری ہیں ، چین میں مزید 110 سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ ایران اور جاپانی کروز شپ میں بھی ہلاکتیں رپورٹ ہو گئیں ، مجموعی اموات 2 ہزار ایک سو بیس سے بھی تجاوز کر گئیں۔ ایران میں کرونا وائرس سے متاثرہ دونوں مریض جان کی بازی ہار گئے  ، اُدھر جاپانی کروز شپ پر وائرس سے بیمار معمر جوڑا بھی موت کی وادی میں جا سویا  جبکہ مسافروں کی اپنے اپنے ممالک کو واپسی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چینی حکام کے بھرپور اقدامات کے سبب کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں واضح کمی آئی ہے ، صوبہ ہوبے سے باہر نئے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد مسلسل 16 ویں روز کم ریکارڈ کی گئی، تاہم متاثرین کی مجموعی تعداد 75 ہزار 700 سے زائد ہو چکی ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے کرونا متاثرین کے معالجین اور طبی عملے کی حفاظت یقینی بنانے کا حکم دیا ہے، چینی صدر نے ان سب کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔