Tuesday, January 18, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

کرنسی سمگلنگ کیس: ماڈل ایان کو ساڑھے 5 کروڑ روپے جرمانے کی سزا

کرنسی سمگلنگ کیس: ماڈل ایان کو ساڑھے 5 کروڑ روپے جرمانے کی سزا
April 5, 2016
اسلام آباد (92نیوز) کسٹمزکلکٹریٹ کی عدالت نے ماڈل ایان کی رہی سہی امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا۔ عدالت نے ڈالر گرل سے برآمد ہونے والے پانچ لاکھ آٹھ ہزار چھ سو ڈالرز ضبط کرنے کی سزا سناتے ہوئے انہیں 5کروڑ پچاس لاکھ روپے جرمانے کا بھی حکم دے دیا۔ ماڈل ایان کے دو سہولت کاروں کو بھی پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق کسٹمز کلکٹر محمد علی رضا کی عدالت میں ماڈل ایان کے خلاف کرنسی سمگلنگ سے متعلق کیس گزشتہ سال سے زیرسماعت تھا۔ عدالت کی جانب سے ملزمہ کو متعدد بار طلبی کے سمن جاری کئے گئے لیکن ماڈل گرل ایک مرتبہ بھی عدالت پیش نہ ہوئی۔ کسٹمز کلکٹر کی جانب سے ایان کو وضاحت کے لئے آخری موقع بھی دیا گیا لیکن ان کی طرف سے کوئی جواب جمع نہ کروایا گیا۔ عدالت نے یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ ایان سے ائیر پورٹ پر پکڑی جانے والی غیرملکی کرنسی 5لاکھ 8ہزار 600ڈالر ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں کرنسی سمگلنگ کے جرم میں 5کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی ہے جبکہ ایان کے دو سہولت کار اویس اور ممتاز کو بھی 5،5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ کسٹمز اینٹی سمگلنگ ایکٹ کے مطابق سگل شدہ غیر ملکی کرنسی اور سامان سے متعلق کسٹمز کلکٹوریٹ کی عدالت فیصلہ سناتی ہے جبکہ سمگلنگ میں ملوث ملزموں کے خلاف سماعت کا اختیار کسٹمز کی خصوصی عدالت کے پاس ہوتا ہے۔ 14مارچ 2015ءکو بے نظیر ائیر پورٹ پر ماڈل ایان سے 5لاکھ 8ہزار امریکی 600 ڈالر برآمد ہوئے تھے جبکہ کسٹمز کلکٹریٹ کی عدالت میں ملزمہ کے خلاف 22جولائی 2015ءسے کیس زیر سماعت تھا۔ 8سماعتوں پر عدالت نے 8مرتبہ ماڈل ایان کو طلب کیا لیکن وہ عدالت پیش نہ ہوئیں۔ کسٹمز ایکٹ کے مطابق ملزمہ ایان کے فیصلے خلاف اپیل کاحق حاصل ہے۔ پہلے مرحلے میں وہ کسٹم ٹربیونل سے رجوع کرسکتی ہیں جبکہ وہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیل کا اختیار بھی رکھتی ہیں۔