Saturday, July 27, 2024

کرم کے ضمنی الیکشن کے نتائج تسلیم نہیں کرتے، مولانا فضل الرحمٰن

کرم کے ضمنی الیکشن کے نتائج تسلیم نہیں کرتے، مولانا فضل الرحمٰن
February 25, 2021

پشاور (92 نیوز) سربراہ جے یو آئی (ف) اور چیئرمین پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن کہتے ہیں، کرم کے ضمنی الیکشن کے نتائج تسلیم نہیں کرتے۔

جمعرات کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ضمنی الیکشن میں کرم ایجنسی اور ڈسکہ میں دھاندلی کی گئی۔ کرم میں الیکشن شروع ہونے سے پہلے ہی 600 جعلی ووٹ پکڑے گئے، پی ٹی آئی کے نااہل امیدوار کو الیکشن لڑنے دیا گیا۔ ڈسکہ اور کرم میں دھاندلی سے نتائج تبدیل کیے گئے،قبول نہیں۔ اس الیکشن کو منسوخ کردینا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان میں دو قبائل ایک دوسرے کے خلاف مورچہ زن ہیں، وہاں خونریزی ہورہی ہے اور مزید خون ریزی کاخدشہ ہے۔ انتظامیہ یا بے بس ہے یا وہ چاہتے ہیں قبائل آپس میں لڑیں۔

مولانا بولے کہ فاٹا انضمام کے بعد نہ وہاں پرانا قانون ہے ،نہ ہی نیا قانون لاگو ہے، بندوبستی نظام آنے سے وہاں پر لڑائیاں ہوں گی۔ فاٹا کا سابقہ نظام بحال کیا جائے، اپنے مؤقف پر قائم ہیں، دھاندلی کسی صورت قبول نہیں۔ جہاں قانون خاموش ہوتا ہے وہاں پارلیمنٹ کا کردار ختم ہوجاتا ہے، درخواست ہے عدالت اپنے آپ کو فریق نہ بنائے۔

اُن کا کہنا تھا 26 مارچ کو شیڈول کے مطابق ملک بھرسے قافلے روانہ ہوں گے۔ نوشہرہ میں ہم نے ن لیگ کا ساتھ دیا،کرم میں پیپلزپارٹی نے ہمارا ساتھ دیا۔ گزارش ہے سینیٹ کا الیکشن پی ڈی ایم کی صورت میں لڑیں۔ مزید کہا کہ حکومت کا کسی چیز پر کنٹرول نہیں، عام آدمی کی قوت خرید ختم ہوگئی، معیشت بیٹھ گئی ہے۔