Monday, September 26, 2022

کرم ایجنسی میں امریکی ڈرون کا حملہ ، پاکستان کا احتجاج

کرم ایجنسی میں امریکی ڈرون کا حملہ ، پاکستان کا احتجاج

کرم ایجنسی ( 92 نیوز ) کرم ایجنسی میں ایک بار پھر امریکی ڈرون حملہ کیا گیا ہے ۔ کرم ایجنسی کے علاقے غوز گڑی میں ایک ٹھکانے پر 3 میزائل داغے گئے ۔ ترجمان دفترخارجہ نے ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق امریکی ڈرون حملے میں اپرکرم ایجنسی کے علاقے غوزگڑی میں ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ڈرون حملے میں تین میزائل داغےگئے ، تاہم حملے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
کچھ عرصہ قبل بھی غوزگڑی کے علاقے میں ڈرون حملہ کیا گیا تھا۔ گزشتہ سال سیکیورٹی فورسز نے اس علاقے میں آپریشن کرکے اسلحے کی بڑی کھیپ بھی پکڑی تھی اور علاقے کو کلیئر قرار دے دیا تھا ۔
دوسری طرف دفترخارجہ کی طرف سے امریکی ڈرون حملے پر شدید احتجاج کیا گیا ہے ۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کی سوچ میں واضح خلیج موجود ہے ۔ جسے کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کی اہلیہ سے ملاقات کی پیشکش پر بھارتی جواب مل چکا ہے ۔ بھارت کی جانب سے کروز میزائل کا تجربہ باعث تشویش ہے۔