کرس گیل نے تیز ترین نصف سنچری کا یووراج سنگھ کا ریکارڈ برابر کر دیا

میلبورن(سپورٹس ڈیسک) کرس گیل نے تیز ترین نصف سنچری کا یووراج سنگھ کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ جارح مزاج بلے باز نے سات چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے بارہ گیندوں پر ففٹی مکمل کی۔
تفصیلات کےمطابق ویسٹ انڈیز کے جارح بلے باز کرس گیل نے آسٹریلیا میں جاری بگ بیش ٹی ٹوینٹی لیگ میں میلبورن رینیگیڈز کی طرف سے اوپننگ کرتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا۔ ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف کھیلتے ہوئے انہوں نے مجموعی طور پر سترہ گیندوں پر چھپن رنز کی اننگز کھیلی۔
گیل نے تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ تو برابر کر لیا لیکن یہ ان کی ٹیم کے کسی کام نہ آیا کیونکہ اسے ایڈیلیڈ کے ہاتھوں ستائیس رنز سے شکست ہو گئی۔
ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں پر ایک سو ستر رنز بنائے۔ جواب میں میلبورن رینیگیڈز کی ٹیم ایک سو تینتالیس رنز پر آؤٹ ہو گئی۔