کراچی : 92نیوز کے سینئر صحافی چاند نواب اور ٹیکنیکل ٹیم پر تشدد کیخلاف مقدمے کی سماعت آج ہو گی
کراچی (92نیوز) 92نیوز کے سینئر صحافی چاند نواب اور ٹیکنیکل اسٹاف پر ریلوے انتظامیہ اور پولیس کے تشدد کے خلاف مقدمے کی سماعت آج مقامی عدالت میں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج ساوتھ کی عدالت میں سینئر صحافی چاند نواب کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 22 ستمبر کو عید اسپیشل ٹرینوں کی ٹکٹوں کی فروخت کی شکایت پر وہ کینٹ اسٹیشن پہنچے۔
شہریوں کی جانب سے ٹکٹ کی بلیک میں فروخت کی شکایات پر ریلوے انتظامیہ سے موقف مانگا گیا۔ مگر موقف دینے کے بجائے ریلوے انتظامیہ اور موقع پر موجود انسپکٹر عبدالحکیم نے اپنے دیگر دو نامعلوم ساتھیوں کے ساتھ 92نیوز ٹیم پر تشدد شروع کردیا۔ 92نیوز کے رپورٹر اور ٹیکنیکل اسٹاف پر تشدد ریلوے پولیس نے ریلوے انتظامیہ کے ایما پرکیا۔
واقعے کے بعد سے درخواست گزار عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ واقعے میں ملوث ریلوے انتظامیہ اور پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے ایس ایچ او ریلوے اسٹیشن کراچی سے جواب طلب کرلیا۔