Saturday, July 27, 2024

کراچی: 5ہلاک دہشت گردوں میں جماعت الاحرار، لشکرجھنگوی کا امیر شامل

کراچی: 5ہلاک دہشت گردوں میں جماعت الاحرار، لشکرجھنگوی کا امیر شامل
February 17, 2017
کراچی (92نیوز) کراچی میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں مارے گئے 5 دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی، کارروائی میں جماعت الاحرار اور لشکرجھنگوی کراچی کا امیر مارا گیا، ملزمان عبادت گاہوں، فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں ملک تصدق حسین، نوشاد خان عرف ماما، شیراز احمد، شیراز عرف سجاد اور عزیز اللہ شامل ہیں جن میں سے تین کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی اور جماعت الاحرار جبکہ ایک کا تعلق داعش سے نکلا۔ ترجمان کے مطابق دہشت گرد ملک تصدق نے افغانستان سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی اور امریکی صحافی کے قتل میں بھی ملوث رہا ہے، ملزم کے سر کی قیمت پانچ لاکھ روپے مقرر تھی۔ ملزم نوشاد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا اور افغانستان میں موجود دہشت گردوں سے رابطے میں تھا۔ ملزم دہشت گردی کی وارداتوں کا ماسٹر مائنڈ اور فرقہ ورانہ قتل و غارت میں بھی ملوث تھا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق دہشت گرد شیراز احمد آئی ڈیز بنانے اور بارودی سرنگیں لگانے کا ماہر تھا۔ دوسری جانب رینجرز نے کالعدم تنظیم کے چار دہشت گردوں کو گرفتار کرکے شہر کو تباہی سے بچا لیا، ملزموں سے بھاری اسلحہ اور لیپ ٹاپ بھی برآمد ہوا ہے۔