Tuesday, January 31, 2023

کراچی ، گلستان جوہر میں محفل میلاد میں دھماکا، 7 افراد زخمی

کراچی ، گلستان جوہر میں محفل میلاد میں دھماکا، 7 افراد زخمی
کراچی (92 نیوز) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پرفیوم چوک کے قریب محفل میلاد میں دھماکا ہوا جس میں 7 افراد زخمی ہو گئے۔ کراچی میں ایک ماہ کے دوران تخریب کاروں نے چوتھا وار  کردایا، اس بار گلستان جوہر میں ایم کیوایم کی محفل میلاد کو نشانہ بنایا گیا جس میں  بچے سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے  ۔ دیسی ساختہ بارودی مواد سے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش  کی گئی ۔ پولیس نے دھماکے کی جگہ کو سیل کردیا ۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق 250 سے 300 گرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا  جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے  دھماکے کی جگہ سے مزید شواہد جمع کرلئے ۔ دھماکے کے بعد گورنر عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ  مراد علی شاہ نے ایم کیوایم رہنماؤں کوفون کرکے خیریت دریافت کی اور ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ زخمیوں کی عیادت کے لیے ایم کیوایم رہنما و کارکنان اسپتال پہنچے ۔ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی بھی اظہار ہمدردی کے لیے آئے۔ فاروق ستار نے واقعے کو ایم کیوایم کی سیاسی سرگرمیوں کو روکنے کی سازش قرار دیا۔ پولیس حکام کےمطابق عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں تخریب کاری کے ہر پہلو کا جائزہ لیا جائے گا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد سات میں سے تین زخمیوں کو فارغ کر دیا گیا۔ ایک زخمی کی حالت قدرے تشویشناک اور دیگر کی حالت خطرے سے باہر ہے۔