Saturday, September 14, 2024

کراچی: گزشتہ دو ماہ میں ٹریفک پولیس پر چھٹا حملہ، سعود آباد میں اہلکار کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا

کراچی: گزشتہ دو ماہ میں ٹریفک پولیس پر چھٹا حملہ، سعود آباد میں اہلکار کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا
October 1, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) کراچی میں دہشت گردوں نے ٹریفک پولیس کو مسلسل  نشانے پر لے رکھا ہے۔ ملیر سعود آباد میں ایک اور اہلکار کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ یہ  ٹریفک پولیس پر پانچواں حملہ تھا، اب تک چھے اہلکار شہید اور تین زخمی ہو چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سعود آباد میں ڈیوٹی پر تعینات ٹریفک پولیس  کے اہلکار کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ بلٹ پروف جیکٹ پہنے اے ایس آئی ذوالفقار کورائی کو سرپر گولی مار کر شہید کیا گیا۔ قریب ہی پولیس اہلکار اسنیپ چیکنگ میں مصروف تھے۔ جائے واردات سے نائن ایم ایم کی گولی کا خول ملا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق فائر سائلنسر لگی پستول سے کیا گیا۔ گزشتہ دو ماہ میں ٹریفک پولیس پر یہ چھٹا حملہ تھا۔ اس سے قبل صدر ایمپریس مارکیٹ، نیپا چورنگی، گل بائی اور ناظم آباد  میں ہونے والے حملوں میں پانچ اہلکار شہید اور تین زخمی ہو چکے ہیں۔ ٹریفک پولیس پر حملوں کے پیش نظر اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹ پہننے کا پابند بنایا گیا جبکہ انہیں اسلحہ چلانے کی تربیت بھی دی گئی تھی مگر اس کے باوجود اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ ختم نہیں ہو سکا۔