Tuesday, November 29, 2022

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں حساس ادارے اور رینجرز کا چھاپہ، فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کے قائم مقام چیئرمین سلطان قمر صدیقی گرفتار

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں حساس ادارے اور رینجرز کا چھاپہ، فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کے قائم مقام چیئرمین سلطان قمر صدیقی گرفتار
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں حساس ادارے اور رینجرز نے چھاپہ مار کر فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کے قائم مقام چیئرمین سلطان قمر صدیقی کو حراست میں لے لیا۔ حساس ادارے اور رینجرز کی چھاپہ مار کارروائی ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔ سلطان قمر صدیقی کی رہائش گاہ کی مکمل تلاشی لی گئی۔ اس دوران فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی سے متعلق اہم دستاویزات بھی قبضے میں لے لی گئیں جنہیں تین صندوقوں میں بھر کر منتقل کر دیا گیا جبکہ سلطان قمر صدیقی کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ سلطان قمر صدیقی فشر مینز کوآپریٹر سوسائٹی کے چیئرمین نثار مورائی کے دست راست تھے۔ نثار مورائی کے خلاف فشریز میں کرپشن کے سنگین الزامات ہیں۔ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ ترین قیادت کے قریبی تصور کیے جانے والے نثار مورائی کارروائی کے خوف سے پہلے ہی بیرون ملک فرار ہوچکے ہیں۔ ان کی غیرموجودگی میں سلطان قمر صدیقی قائم مقام چیئرمین کا عہدہ سنبھالے ہوئے تھے۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کی جانب سے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پیش کی جانے والی دو سو تیس ارب روپے کے کالے دھن کی رپورٹ میں فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔ نائنٹی ٹو نیوز فشریز سے کالے دھن کی کمائی اور اس کے دہشت گردی میں استعمال ہونے سے متعلق کئی رپورٹیں بھی نشر کرچکا ہے۔