Sunday, October 2, 2022

کراچی کے شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر 16 میں فائرنگ، پولیس اہلکار جاں بحق

کراچی کے شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر 16 میں فائرنگ، پولیس اہلکار جاں بحق
کراچی (92 نیوز) کراچی کے شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر 16 میں فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق اہلکار اشرف ڈیوٹی مکمل کرکے سادہ لباس میں گھر کے قریب گراؤنڈ میں بیٹھا تھا کہ موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان آئے اور فائرنگ کرکے فرار ہو گئے جس سے پولیس اہلکار اشرف زخمی ہو گیا جس کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کی وجہ سے پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔ اہلکار کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل کرلیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق جاں بحق پولیس اہلکار اشرف کو پیٹ میں ایک گولی لگی، خون ذیادہ بہہ جانے کی وجہ سے اہلکار کی موت ہوئی۔ دوسری جانب کورنگی کے علاقے بلال چورنگی کے قریب لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی شخص کی شناخت صداقت علی کے نام سے کر لی گئی۔ ادھر شرافی گوٹھ فیوچر موڑ کے قریب شوہر نے بیوی کو چھریوں کے وار سے شدید زخمی کر ڈالا۔ زخمی صبا کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ملزم فرار ہو گیا۔