Saturday, July 27, 2024

کراچی کی صفائی پر کوتاہی برداشت نہیں‘ لاپروا افسروں کو جانا ہو گا: وزیراعلیٰ سندھ

کراچی کی صفائی پر کوتاہی برداشت نہیں‘ لاپروا افسروں کو جانا ہو گا: وزیراعلیٰ سندھ
August 4, 2016
کراچی (92نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کی قسمت بدلنے کا فیصلہ کر لیا۔ صبح دفتر پہنچتے ہی سیکرٹریز اور ڈپٹی سیکرٹریز کو طلب کر لیا اور حکم صادر فرمایا اب صرف کام، کام اور بس کام ہو گا۔ کوئی افسر چھٹیاں نہ مانگے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ صبح مقررہ وقت پر دفتر پہنچے تو بلدیاتی افسران‘ سیکرٹریز اور ڈپٹی سیکرٹریز کا فوری اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ شہر میں صفائی ستھرائی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ لاپروا افسران کو گھر جانا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میں خود شہر کا دورہ کروں گا۔ میں یہ نہ سنوں کہ شہر سے صفائی ستھرائی کا انتظام صحیح نہیں اور کچرا نہیں اٹھا یا جا رہا۔ کچرا اٹھانے کے لیے جب فنڈز دیا گیا ہے تو اسے خرچ بھی کرناپڑے گا۔ murad1   انہوں نے وزیر بلدیات جام خان شورو کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں فوری طور پر صفائی ستھرائی کا انتظام کریں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اب صرف کام، کام ، کام ہو گا۔ کوئی افسر چھٹیاں نہ مانگے۔ تمام محکمے کام تیز کریں۔ سستی اور کاہلی نہیں چلے گی اور مجھے جھانسا نہ دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری ترجیحات میں تعلیم اور صحت ہے۔ اس پر کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ اسپتال اور اسکول صاف ستھرے نظر آنے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے واپسی پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آرٹس کونسل پر رک گئے اور وہاں گندا پانی دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے گندا پانی فوری صاف کر نے کی ہدایت کی اور کہا میں ایک مرتبہ حکم دوں گا۔ اگر عمل نہیں ہوا تو سخت ایکشن لوں گا۔